سر ورق / شوبز / شو بز۔ ایک نظر۔۔۔ اشفاق حسین

شو بز۔ ایک نظر۔۔۔ اشفاق حسین

٭ملالہ یوسفزئی کی زندگی پربننے والی بھارتی فلم”گل مکئی“کی پہلی جھلک کے بعدپہلا ٹیزر بھی ملالہ کی 21 ویں سالگرہ کے موقع پر جاری کردیا گیا ہے۔فلم کی ریلیز کی تاریخ کا حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔امجد خان کی ہدایت کاری میں بننے والی ملالہ یوسف زئی کی اس بائیو پک میں بھارتی چائلڈ اسٹار ریم شیخ ملالہ کا مرکزی کردار اداکررہی ہیں۔ آنند کماراس فلم کے پروڈیوسر ہیں۔اس کی دیگر کاسٹ میں دیویا دتہ، مکیش رشی، ابھیمنیو سنگھ اور اعجاز خان شامل ہیں۔

٭سُپرہٹ ڈرامہ سیریل”خانی“کے بعد سیونتھ سکائی انٹرٹینمنٹ کی نئی ڈرامہ سیریل ”تم سے ہی تعلق ہے“ نجی چینل سے آن ہو گئی۔ عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کی اس ڈرامہ سیریل کو شکیل خان نے ڈائریکٹ کیا ہے جو اس سے قبل ”چھوٹی سی زندگی“جیسی ڈرامہ سیریل بنا چکے ہیں،سیّد وصی شاہ نے ڈرامہ کی کہانی لکھی ہے جبکہ ساحر علی بگا نے او ایس ٹی گایا اور کمپوز کیا ہے۔سید جبران،طوبیٰ صدیقی،فریال محمود اور علی عباس ڈرامہ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انعم فیاض، شمیم ہلالی،شبیر جان اور ندا ممتاز بھی ڈرامہ کی کاسٹ میں شامل ہیں۔”تم سے ہی تعلق ہے“ کی کہانی سادان،علینہ اور رما کے گرد گھومتی ہے جس میں سادان کی شادی علینہ سے ہوئی ہوتی ہے اوراس کی دو بیٹیاں ہوتی ہیں لیکن وہ اپنی آفس کولیگ رما میں دلچسپی لینے لگتا ہے۔رما کے مالی مسائل ہوتے ہیں جن سے نکلنے کےلئے وہ سادان سے شادی کر لیتی ہے جس کے بعد سادان علینہ کو گھر سے نکال کر دونوں بیٹیوں کو اپنے پاس رکھ لیتا ہے۔اب علینہ کا مستقبل کیسا ہو گا؟کیا سادان رما کے عزائم جان پائے گااور کیا سادان کو اپنے کئے پر پچھتانا پڑے گا؟اگلی قسطوں میں صورتحال واضح ہو گی۔”خانی“کی آخری قسط کی ریٹنگ کسی بھی پاکستانی ڈرامے سے زیادہ تھی۔یہ پروڈکشن ہا ¶س ”خانی“سے پہلے دام،دوراہا،مراة العروس،میری ذات ذرہ بے نشان،میرے مہربان میرے چارہ گر،روشن ستارہ، اِک پل، نور زندگی،تم کون پیا،خالی ہاتھ، محبت تم سے نفرت ہے،گوہر نایاب،گھائل اور مان جیسی ڈرامہ سیریلز بھی پروڈیوس کر چکا ہے۔

٭نامعلوم افراد،ایکٹراِن لاءاور نامعلوم افراد 2 کے بعدفلم والا پکچرز کی نئی فلم”لوڈ ویڈنگ“ عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے جا رہی ہے جس میں فہد مصطفٰی،مہوش حیات اور دیگرفنکار اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔فلم کے پہلے ٹیزرکی پسندیدگی کے بعداب دوسرا ٹیزر بھی ریلیز کر دیا گیا ہے،اس فلم کو”بڑی عید کی بڑی فلم“ بھی قرار دیا جا رہا ہے جس میںہلکے پھلکے انداز میں شادی بیاہ پر ہونے والے بھاری اخراجات کو موضوع بنایا گیا ہے اور دوسرے ٹیزرکا اختتام”روٹی کُھل گئی جے“کی آواز سے ہوتا ہے۔نبیل قریشی اس فلم کے ڈائریکٹر ہیں جبکہ فضا علی میرزا اور مہدی علی نے اسے پروڈیوس کیاہے۔

٭کئی لازوال گیتوں کے خالق قتیل شفائی کی برسی خاموشی سے گزر گئی۔1919ءکوپیدا ہونے والے قتیل شفائی کا اصل نام محمد اورنگزیب تھا،قتیل ان کا تخلص اورشفائی کا نام انہیں ان کے اُستاد نے دیاہے،1947 میں وہ پاکستانی فلم انڈسٹری کاحصّہ بنے اور”تیری یاد“کے نغمے لکھے،انہوں نے201 بھارتی اور پاکستانی فلموں کے لیے گانے لکھے جن کی تعداد 2500 کے لگ بھگ ہے،شاعری میں بھی انہوں نے بہت نام کمایا،ان کی شاعری کے مختلف زبانوں ہندی،گجراتی،انگریزی،چینی اوردیگر زبانوں میںتراجم بھی کئے گئے۔1994 میں حکومت پاکستان کی جانب سے انہیںپرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا۔ان کے لکھے ہوئے مشہور گیتوں کی ایک طویل فہرست ہے جن میںاُلفت کی نئی منزل کو چلا،ستاروں تم تو سوجاﺅ اوردیگر نمایاں ہیں۔ یہ عظیم نغمہ نگار 11 جولائی 2001 ءکوراہی ملک عدم ہوگیاتھالیکن اس کی شاعری آج بھی انہیںزندہ رکھے ہوئے ہے۔

٭

لاہور آرٹس کونسل کی جانب سے الحمرا میں”بیتے دنوں کی یاد“ عنوان کے تحت نامور غزل گائیکہ منّی بیگم کے ساتھ ایک شام منائی گئی۔اس موقع پرنامور گلوکارہ نے اپنی مشہور غزلیں گائیں جس پر شرکاءسردھنتے رہے۔اس موقع پرمنّی بیگم نے تمہارے شہرکاموسم بڑاسہانالگے،اک بارمُسکرادو،آوارگی میں حد سے گزرجاناچاہیے،بے وفاسے بھی پیارہوتاہے،بھولنے والے سے کوئی کہہ دے،ادھرزندگی کاجنازہ اٹھے گا اوراپنی دیگر مشہور غزلیں گائیں۔غزل گائیکی کے اس پروگرام میں اظہارخیال کرتے ہوئے چیئرمین الحمراءتوقیر ناصر نے کہا کہ پاکستان نے غزل گائیکی میں بڑا نام کمایا ہے،ہمارے ہاں اگر غزل گانے والے باکمال ہیں تو غزل سُننے والوں کا ذوق بھی اپنی مثال آپ ہے۔منی بیگم کی گائیکی انسانی جذبات میں لگن اور تڑپ کا مثبت تلاطم پیدا کرتی ہے،ان کی مدھر اور سُریلی آواز حسن سماعت کا باعث ہے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل کیپٹن(ر)عطاءمحمد خان نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ادب و ثقافت کے فروغ کے حوالے سے الحمراءکے ہر پروگرام کو عوامی مقبولیت حاصل ہے،ہم عوام کےلئے فنون لطیفہ کی ہر صنف میںتواتر کے ساتھ ثقافتی پروگرام پیش کر رہے ہیں اوریہ امر سماجی آسودگی کا باعث ہے۔ڈائریکٹر آرٹ اینڈ کلچر ذوالفقارعلی زلفی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے ہاں غزل میں جان بھی ہے اور دوام بھی، انہوں نے منّی بیگم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سینے کے دم سے ہی اصل گانا گایا جاتا ہے اورسینے کی آواز دیرپا ہوتی ہے یہ خوبی منی بیگم کی گائیکی کو امتیاز بخشتی ہے۔پروگرام میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی اورمنّی بیگم کی پرفارمنس پر جھومتے رہے۔

٭وطن کے فضائی نگہبانوں کوخراج تحسین پیش کرنے کےلئے بنائی جانے والی فلم”پروازہے جنوں“کاٹریلرآگیااورفلم عیدالاضحٰی پرآئے گی۔مومنہ اینڈدرید فلمزاورہم فلمزکی جانب سے بنائی گئی اس فلم کے ٹریلر کی لانچنگ کیلئے نیوپلیکس سینمامیں ایک تقریب کا انعقاد کیاگیاجس میں فلم کی مرکزی کاسٹ کے علاوہ فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے نمایاں افراد حمزہ علی عباسی،ہانیہ عامر،احد رضا میر،شفاعت علی خان،مرینہ خان،آصف رضا میر،حنا خواجہ بیات ،فلم کی پروڈیوسر مومنہ درید،ہدایت کار حسیب حسن،مصنفہ فرحت اشتیاق ،اذان سمیع خان،عدنان جعفر، ڈائریکٹر پاکستان ایئرفورس میڈیا افیئرز ایئر کموڈور علی‘ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی ‘چیف ایگزیکٹو آفیسر درید قریشی اور دیگر نمایاں تھے۔تالیوں کی گونج میں جب” پرواز ہے جنوں“کی جھلکیاں پیش کی گئیں توشرکاءنے اسے دوبارہ چلانے کی فرمائش کی۔فلم ایکشن،تھرل،رومانس،حب الوطنی،خوبصورت نظاروں اور جنگی طیارو ں کا خوبصورت امتزاج لئے ہوئے ہے جس میں اداکاری،موسیقی اورہدایت کاری حقیقت کا رنگ بھرتی نظر آتی ہے۔یہ فلم وطن کے ان جانبازوں کو خراج تحسین ہے جو ہماری فضائی سرحدوں کی حفاظت پر معمور ہیں اور وطن کیلئے جان نچھاور کرنے میں فخرمحسوس کرتے ہیں۔تقریب میں فلم کی موسیقی کی جھلک بھی پیش کی گئی جس میںجابر اور زیب بنگش کی آواز میں”ناچے رے“اور عاطف اسلم کی آواز میں”تھام لو“کوبہت پسندکیاگیا۔فلم کی موسیقی اذان سمیع خان نے ترتیب دی ہے جوان کی بطور موسیقار پہلی فلم ہے اوراس میں انہوں نے اپنی بھرپورصلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے فلم کی مصنفہ فرحت اشتیاق نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مجھے اس فلم سے بے حد توقعات وابستہ ہیں،اس فلم کی تیاری میں سب لوگوں کی محنت شامل ہے جسے دیکھتے ہوئے میں یقین کے ساتھ یہ کہہ سکتی ہوں کہ ”پروازہے جنوں“ ناظرین کی توقعات پرپورا اُترے گی۔فلم کے ڈائریکٹرحسیب حسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری پہلی فلم ہے اوراس کے ٹریلر کے اجراءکے موقع پر میں بہت خوش ہوں۔ یہ کوئی عام فلم نہیں ہے بلکہ وطن عزیز کی فضائی سرحدوں کے نگہبانوں کو خراج تحسین ہے،یہ فلم بینوں کے معیار پر پورا اُترے گی۔فلم کی پروڈیوسر مومنہ درید کاتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہناتھاکہ”پروازہے جنوں“بالآخر پروازبھرنے کیلئے تیار ہے اورفلم کے موضوع کے ساتھ انصاف کیاگیا ہے،فلم کی تیاری میں فیملی انٹرٹینمنٹ کوبھی مدنظررکھا گیا ہے جس پرناظرین فخر محسوس کریں گے۔ہم نیٹ ورک کی روح رواں سلطانہ صدیقی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز نے ہمیشہ خواتین اورملک کو آگے رکھا ہے،یہ فلم اسی کا تسلسل ہے۔کہانی کے اعتبار سے یہ ایک بہترین فلم ہے جس میں سب نے بہت زیادہ محنت کی ہے۔مومنہ اینڈ درید فلمزکے بینر تلے بننے والی اس فلم کی کہانی فرحت اشتیاق نے لکھی ہے جس میںحمزہ علی عباسی،ہانیہ عامر ،احد رضا میر، شاز خان،کبریٰ خان،شفاعت علی خان،آصف رضا میر،حناخواجہ بیات ،مرینہ خان،سعد قاضی اور دیگر نے اداکاری کی ہے۔ حسیب حسن نے فلم کی ہدایات دی ہیں جوعید الاضحیٰ کے موقع پرہم فلمز کے بینر تلے دنیابھر میںبیک وقت نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔

٭٭٭

- admin

admin

یہ بھی دیکھیں

شو بز ایک نظر۔۔۔اشفاق حسین

شمیم آراءکی دوسری برسی ماضی کی ناموراداکارہ اورہدایتکارہ شمیم آراءکواس دُنیا سے رُخصت ہوئے دو …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے