سر ورق / شوبز / شوبز ایک نظر۔ اشفاق حسین

شوبز ایک نظر۔ اشفاق حسین

 

جیون ساتھی مل گیا(feature)

اداکارہ ماوراحسین نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں جیون ساتھی مل گیا ہے لیکن اس بارے میں وہ فی الوقت کسی قسم کی تفصیلات نہیں بتاسکتیں۔یہ بات انہوں نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہی۔ماورا حسین کا مزید کہنا تھا کہ ہر لڑکی کی طرح میرا بھی ایک سپنا تھا کہ مجھے کوئی آئیڈل قسم کا شخص ملے اور آخرکار میری تلاش ختم ہوگئی کیونکہ مجھے میرے خوابوں کا شہزادہ مل ہی گیاہے۔ماورا حسین کا اس بارے میں کہنا ہے کہ میں اپنے جیون ساتھی بارے کوئی بات بھی شیئرنہیں کرنا چاہتی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میں اس حوالے سے خود کو بہت خوش قسمت سمجھتی ہوں کیونکہ میرا کیرئر اس وقت عروج پر ہے اور میں مٹی کو بھی ہاتھ لگاﺅں تو وہ سونا بن جاتی ہے۔مجھے اس بات کی بالکل توقع نہیں تھی کہ’جوانی پھر نہیں آنی2‘اس قدرکامیابی حاصل کرے گی۔ماورا حسین نے مزید بتایا کہ میرا نیا ڈرامہ’آنگن‘جلد ہی ہم ٹی وی سے آن ایئرہوگا۔

 تاج محل کی سیر

اداکارہ ارمیناخان بھارت پہنچ گئی ہیں جہاں انہوں نے گزشتہ روز تاج محل کی سیر کی اور وہاں بنائی گئی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئرکیں۔اس بارے میں ارمینا خان کا کہنا ہے کہ مجھے سیاحت کا بہت زیادہ شوق ہے اور یہی وجہ ہے کہ مجھے جب بھی ٹائم ملتا ہے میں کسی نہ کسی ملک چلی جاتی ہوں۔میں اب تک دنیا کے ایک سو ممالک کی سیر کرچکی ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مجھے بھارت میں بھی کام کی آفرز ہیں لیکن مجھے کسی بہت ہی اچھے پراجیکٹ کا انتظار ہے۔

انتظار کی گھڑیاں ختم

ڈائریکٹر انجم شہزاد کی نئی ڈرامہ سیریل’رومیو ویڈز ہیر‘کا انتظار ناظرین بے چینی سے کررہے کیونکہ جب سے اس کے ٹیزرآن ایئر ہوئے ہیں لوگوں کی دلچسپی میں اضافہ ہوگیا ہے۔بعض لوگوں کا یہ بھی خیال تھا کہ شاید یہ’خانی‘ کا پارٹ ٹو ہے لیکن ایسا ہرگز نہیں ہے کیونکہ یہ ایک بالکل نئی سیریل ہے جس کی کہانی ڈاکٹر یونس بٹ نے تحریر کی جبکہ اسے سیونتھ سکائی نے پروڈیوس کیا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ ڈرامہ رواں ماہ ہی آن ایئر ہوگااور اس کی حتمی تاریخ کا اعلان بھی جلد ہی کردیا جائے گا۔ڈرامے کے رائٹرڈاکٹریونس بٹ کا کہنا ہے کہ اس کی کہانی یقینی طور پرپسند کی جائے گی کیونکہ یہ مختلف طرز کا ڈرامہ ہے۔

دوفلمیں بنانے کااعلان

اداکارسرمد سلطان کھوسٹ نے دو فلمیں بنانے کا اعلان کیا ہے جس میں ایک پنجابی اور ایک اردو فلم ہے۔سرمد سلطان اداکار کے ساتھ ساتھ رائٹر اور بہترین ڈائریکٹر بھی ہیں جوکئی مشہور ڈرامے اور ایک فلم’منٹو‘بناچکے ہیں جبکہ اب انہوں نے دو فلمیں بنانے کا اعلان کیا ہے۔پنجابی فلم کا سارا کام مکمل ہوچکا ہے اور اس کی شوٹنگ نومبر میں شروع ہوگی،فلم کی کہانی این سی اے کی سٹوڈنٹ نرمل بانو نے تحریر کی جبکہ دوسری فلم کی کہانی خودسرمد نے تحریر کی ہے جس کی شوٹنگ مارچ میں شروع ہوگی۔ سرمد سلطان نے اس بارے میں بتایا کہ ان کی پنجابی فلم پنجاب کے اصل کلچر کے مطابق ہوگی اور اس میں وہ سب کچھ ہوگا جو لوگ دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ اردو فلم میرے مزاج کے مطابق ہوگی۔

خواہش پوری ہوگئی

ڈائریکٹربدرمحمود نے نئی ڈرامہ سیریل کا آغاز کردیا ہے جس میں بلال عباس اور صبا قمر مرکزی کردار کررہے ہیں اور دونوں فنکاروں کے لئے ایک ساتھ کام کرنے کا پہلا موقع ہوگا۔سیریل کا ورکنگ ٹائٹل’چیخ‘ رکھا گیا جس کی کہانی زنجبیل عاصم نے تحریر کی جبکہ اسے بگ بینگ پروڈیوس کررہاہے۔اس بارے میں بلال عباس کا کہنا ہے کہ اس ڈرامے کے ذریعے میری ایک دیرینہ خواہش پوری ہورہی ہے اور وہ ہے صباقمر کے ساتھ کام کرنا۔صبا قمر جیسی اداکارہ کے ساتھ کام کرنے کی خواہش بہت دیر سے میرے دل میں موجود تھی جو اب پوری ہوگئی ہے اور اسی وجہ سے میں بہت پرجوش ہوں۔سیریل کی ریکارڈنگ کراچی جاری ہے۔

مہاتما گاندھی کی یاد میں بھجن

گلوکار شفقت امانت علی خان کو بھجن گانے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔شفقت امانت علی خان پاکستان کے علاوہ بھارت میں بھی بہت مقبول ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ نہ صرف بالی وڈ کی فلموں میں گاچکے ہیں بلکہ وہاں نجی محفلوں میں بھی باقاعدگی سے پرفارم کرتے ہیں لیکن اس بار انہوں نے سب سے منفرد کام کیا ہے۔شفقت امانت علی خان نے مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کا پسندیدہ بھجن گایا ہے جسے مہاتما گاندھی کے150ویں جنم دن کے موقع پر پیش کیا گیا۔اس بھجن کی وڈیو منظرعام پرآنے کے بعد بے شمار لوگوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل شفقت امانت علی خان غلط قومی ترانہ پڑھنے پرکافی عرصہ مشکلات کا شکار رہے۔

ٹیزر نے دھوم مچادی

ڈائریکٹر کاشف نثار کی نئی ڈرامہ سیریل’رانجھارانجھاکردی‘ کے ٹیزرآن ایئر ہوتے ہی مقبولیت حاصل کرگئے ہیںجس کے ساتھ ساتھ ناظرین کی بے چینی میں اضافہ ہوگیاہے کیونکہ وہ سیریل جلد دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔ مومنہ درید پروڈکشن کی اس سیریل میں اقراعزیز اور عمران اشرف نے بالکل منفردنوعیت کے کردار کئے ہیں جبکہ دیگرکاسٹ میں کاشف محمود،عمارہ بٹ،اسما عباس،منزہ عارف،زیب رحمنٰ اور نورالحسن شامل ہیں۔ڈرامے کی تمام تر ریکارڈنگ لاہور میں کی گئی جس کا آخری سپیل تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے۔عمران اشرف نے ڈرامے میں بھولا کا کردار کیا ہے جو ذہنی طور مکمل صحت مند شخص نہیں ہے لیکن اتفاقیہ طور پر زندگی میں آنے والی لڑکی نور بی بی(اقرا عزیز) کا عشق اسے ایک اور ہی دنیا میں لے جاتا ہے۔اس بارے میں عمران اشرف کا کہنا ہے کہ یہ میرے کیرئرکا سب سے مشکل کردار ہے۔کاشف نثار کے ساتھ شاہد رشید،نوید اکبر،سہیل عرفان راﺅ اور صفدر رحمنٰ خٹک بھی اہم ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

’اجازت‘ مل گئی

ٹاپ ماڈل رابعہ بٹ کی شارٹ فلم’اجازت‘ مکمل ہوگئی ہے جسے جلد ہی ریلیز کردیا جائے گا۔یہ شارٹ فلم معروف ڈیزائنر علی ذیشان نے پروڈیوس کی ہے جس کے ڈائریکٹر اور رائٹر عبداللہ حارث ہیں۔رابعہ بٹ کے ہمراہ ماڈل حسنین لہری نے بھی اہم کردار کیا ۔رابعہ بٹ کا کہنا ہے کہ’اجازت‘میں شادی سے متعلق اہم چیزوں کو موضوع بنایا گیا ہے اور اسے یقینی طور پر پسند کیا جائے گا۔

ایک بار پھر

اداکارہ سجل علی اور احدرضامیر کا پہلا مشترکہ ڈرامہ’یقین کا سفر‘ایک بار پھر ہم ٹی وی سے نشرکیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈرامہ8اکتوبر سے دوبارہ نشر کیا جائے گا۔اس سیریل کے ذریعے احدرضامیرکو شوبز میں متعارف کرایا تھا جس کے ساتھ شازعلی نے بھی اس میں اہم کردار کیا تھا۔اس ڈرامے نے شاندارکامیابی حاصل کی تھی اور اسی دوران سجل علی اور احدرضامیر کے درمیان دوستی کا آغازبھی ہوتا تھا جو ان دنوں عروج پر ہے۔اس بارے میں چینل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ناظرین کی خواہش پر ڈرامہ دوبارہ نشر کیا جارہا ہے۔

دوست، دوست نہ رہا دوست نے منہ موڑلیا

اداکارہ ماہرہ خان نے ڈرامے میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ماہرہ خان کو ان کے قریبی دوست میں اپنی سیریل میں کاسٹ کرنے کئے رابطہ کیا تو انہوں نے کثیر معاوضے کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے صاف انکار کردیا۔معلوم ہوا ہے کہ ماہرہ خان کو60لاکھ روپے کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے اپنی دیگر مصروفیات کی وجہ سے انکار کردیاکیونکہ وہ ان دنوں کمرشل اور ڈیزائنرشوٹ کرانے میں مصروف ہیں جبکہ جلد ہی ان کی نئی فلم’سپرسٹار‘کی شوٹنگ بھی شروع ہونے والی ہے۔یادرہے کہ ماہرہ خان نے کچھ عرصہ قبل’کھوج‘سے ملاقات کے دوران بتایا تھا کہ ابھی وہ فلموں میں مصروف ہیں لیکن ناظرین جلد ہی انہیں چھوٹی سکرین پر بھی دیکھ سکیں گے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ماہرہ خان کے انکار پر ان کا قریبی دوست سخت ناراض ہے۔

- admin

admin

یہ بھی دیکھیں

شو بز۔ ایک نظر۔۔۔ اشفاق حسین

٭ملالہ یوسفزئی کی زندگی پربننے والی بھارتی فلم”گل مکئی“کی پہلی جھلک کے بعدپہلا ٹیزر بھی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے