سر ورق / شوبز / شوبز کا تازہ ترین۔۔۔ احوال اشفاق حسین

شوبز کا تازہ ترین۔۔۔ احوال اشفاق حسین

 

شوبز کا تازہ ترین احوال

اشفاق حسین کے نوکیلے قلم سے

ملازمین میں تھرتھلی مچ گئی۔

ڈگریوں کی تصدیق کے حکومتی اعلان کے بعد پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان کے ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات وثقافت فواد چوہدری نے گزشتہ روز اس بات کا اعلان کیا تھاکہ ریڈیوپاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کے ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کی جائے گی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ان دونوں اداروں میں گزشتہ پندرہ سالوں میں سینکڑوں ملازمین سیاسی اثرورسوخ کی بنیاد پر بھرتی کئے گئے جن میں بہت سے اب اعلیٰ عہدوں پر فائزہیں۔ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ تما م مراکز پر پچھلے دس سال میں بھرتی ہونے والے افراد کی فہرستیں بھی طلب کی گئی ہیں کیونکہ ان میں سے زیادہ لوگ مختلف افراد نے ذاتی اثرورسوخ کی بنیاد پر کاسٹ کئے ہیں۔

تھپڑ کی گونج

اداکار آغا علی کی طرف سے ڈرامہ سیریل’بند کھڑکیاں‘میں اپنی بیوی سارہ خان کو مارے جانے والے تھپڑ کی گونج تاحال سوشل میڈیا پر سنائی دے رہی ہے کیونکہ زیادہ تر لوگوں نے اس عمل پر تنقید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوہرکو کسی طرح بھی بیوی پر اس طرح ہاتھ اٹھانے کی اجازت نہیں ہے۔یہ ڈرامہ ہم ٹی وی سے نشر کیا جارہا ہے جس کے ڈائریکٹر اسد جبل ہیں اور اس کی گیارہ اقساط نشر کی جاچکی ہیں۔ ڈرامہ پہلی قسط سے ناظرین کی توجہ کا مرکزبناہوا ہے جس میں سارہ خان اور آغا علی کی پرفارمنس بہت پسند کی جارہی ہے۔آغا علی ایسے شوہر کا کردار کررہے ہیں جو اپنی بیوی کو محبت تو بہت کرتا ہے لیکن اعتبار ذرا سابھی نہیں کرتا۔اسے یہ بات بھی پسند نہیںکہ بیوی کسی رشتہ دارسے بات کرے۔گزشتہ دنوں نشر کی جانے والی قسط میں اسی شک کی بنیاد پر میاں بیوی میں جھگڑا ہوتا ہے جس پر آغاعلی سارہ خان کو تھپڑ ماردیتا ہے۔ان کا یہ عمل سوشل میڈیا صارفین کو پسند نہیں آیاجس پر وہ تنقیدی انداز میں اپنی رائے کا اظہار کررہے ہیں۔یاد رہے کہ آغاعلی اور سارہ خان کے درمیان کافی عرصے سے گہری دوستی ہے اور وہ جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔

بارات بندی‘ کی شوٹنگ شروع

 بھارتی اداکارہ گنی کپور کی فلم’بارات بندی‘تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہی ہے جس کی خاص بات یہ ہے کہ فلم کی کہانی پاکستانی اداکار بدرخان نے لکھی ہے جس کے ساتھ ساتھ انہوں نے فلم کا سکرین پلے بھی تحریری کیا ہے۔فلم کی دیگر کاسٹ میں شیری مان،گرپریت گگھی،بی این شرما اور امرنوری سمیت بہت سے فنکار ہیں۔فلم کے پروڈیوسر ہرجندر سنگھ ہیں جو اس فلم کو آئندہ سال مارچ میں ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

 ترکی سے واپسی

اداکارہ ماہرہ خان اور احمد علی بٹ وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔دونوں فنکار ڈائریکٹرعاصم رضاکی فلم’پرے ہٹ لو‘ کی شوٹنگ کے لئے ترکی گئے تھے جس کی کاسٹ میں مایا علی،شہریار منور،زارا نورعباس ،چاندبرال اور حنا دلپزیر سمیت بہت سے فنکار شامل ہیں۔ فلم کی کوریوگرافی نگاہ حسین کررہے ہیں جو ابھی وہاں موجود ہیں جہاں کل سے مایا علی اور شہریار منور پر ایک گانے کی شوٹنگ کی جائے گی۔

دسمبر کا انتظار

اداکارہ حاجرہ یامین ڈراموں کے ساتھ ساتھ اب فلموں میں بھی باقاعدگی سے کام کررہی ہیں اور جلد ہی ان کی دوسری فلم’پنکی میم صاب‘ ریلیز ہونے والی ہے جس کا ٹریلرریلیز کردیا گیا ہے اور اسے کافی پسند کیا جارہا ہے۔فلم کی پروڈیوسرا ور ڈائریکٹر شازیہ علی خان ہیں جبکہ کاسٹ میں کرن ملک،عدنان جعفر،خالد احمد،شمیم ہلالی اور حاجرہ خان شامل ہیں۔ فلم کی تمام تر شوٹنگ دبئی میں گئی اور اب اسے سات دسمبرکو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔حاجرہ یامین کا کہنا ہے کہ ہے مجھے اس فلم کی ریلیز کا بے چینی سے انتظار ہے ۔یاد رہے کہ حاجرہ یامین اس سے پہلے فلم’مان جاﺅناں‘ میں بھی کام کرچکی ہیں۔

دل دیا ں گلاں ۔۔۔۔تیرے سنگ یارا

گلوکار عاطف اسلم شادی کے بعد بھی اپنی بیوی سے بے پناہ محبت کرتے ہیں جس کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پوسٹ کی گئی ایک تصویر کے ذریعے کیا۔عاطف اسلم نے سارہ بھروانہ کے ساتھ پوسٹ کی گئی ایک رومانٹک تصویر کے ساتھ لکھا ہے کہ میں عام آدمی تھا جسے سارہ کی محبت نے خاص بنادیا۔اپنی زندگی کا حصہ بننے پر میں بہت خوش ہوں۔یاد رہے کہ عاطف اسلم نے سارہ بھروانہ سے لومیرج کی تھی جن کی محبت میں وہ کالج کے دنوں سے ہی گرفتار تھے۔

بڑی خواہش پوری ہوگئی

گلوکار فرحان سعید کی بڑی سکرین پر کام کرنے کی خواہش پوری ہوگئی ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ فرحان سعید کو گلوکاری کے ساتھ اداکاری کا بھی شوق ہے اور اسی وجہ سے وہ کئی ڈراموں میں کام کرچکے ہیں تاہم انہیں فلم میں کام کرنے کی بڑی خواہش ہے جو بہت جلد پوری ہونے جارہی ہے کیونکہ انہیں ڈائریکٹروجاہت رﺅف نے اپنی فلم’کراچی سے لاہور3‘میں لیڈ رول کے لئے منتخب کرلیا ہے جس کے بعد فرحان ان دنوں ٹیم کے ہمراہ سکرپٹ پڑھنے میں مصروف ہیں۔فلم کا سکرپٹ یاسر حسین نے لکھا ہے جس کی کاسٹ میں عائشہ عمر،کبریٰ خان،اسد صدیقی،زارانورعباس،یاسرحسین اور شہزادشیخ شامل ہیں۔فلم کی شوٹنگ دسمبر میں شروع ہوگی۔یاد رہے کہ فرحان سعید کو اس سے پہلے ایک معروف ڈائریکٹر میں اپنی فلم میں عروہ حسین کے مقابل کاسٹ کیا تھا لیکن بعض وجوہات کی بناپر دونوں کو اس پراجیکٹ سے علیحدہ کردیا گیا تھا۔

روک سکوتو روک لو ’پرجوش‘۔۔۔ واپسی

اداکارہ متیرا نے ایک بار پھر متنازع کمرشل کے ساتھ شوبزمیں بھرپور انٹری دی ہے جس پر انہیں ہر طرف سے تنقید کا سامنا ہے ۔متیرا کیرئرکے آغاز سے ہی متنازع رہی ہیں کیونکہ ابتدامیں ہی انہوں نے نہایت بولڈ شوٹ کرایا تھاجس پر انہیں بہت مخالفت کاسامنا کرنا پڑا ۔اب متیرا نے ایک بارپھر’جوش‘ کے نئے کمرشل میں کام کیا ہے جوحال ہی میں آن ایئر ہوا ہے۔اس کمرشل میں متیرا’جوش‘کی نئی’ خصوصیات‘ کی تعریف کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ متیراکو اس کمرشل کے لئے کثیر معاوضہ اداکیا گیا ہے کیونکہ کوئی بھی پاکستانی ماڈل اس غیراخلاقی کمرشل میں کام کرنے کے لئے تیارنہیں تھی اوریہی وجہ ہے کہ متیرا ہی طویل عرصے سے اس برانڈکے کمرشل کررہی ہے۔کمرشل دیکھ کر پہلے تو ایسالگتا ہے کہ شاید یہ دانے دار چائے کی بات ہورہی ہیں لیکن ایسا نہیں ہے۔بالآخر متیرا اس راز سے پرہ اٹھا دیتی ہیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ کمرشل کو فی الحال ٹی وی پر نشر کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

یہ دیس ہمارا ہے

اداکارہ ماہ نور نے’کلین اینڈگرین پاکستان‘ مہم میں حصہ لیتے ہوئے پودا لگانے کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر صفائی بھی کی۔ ماہ نور نے گھر کے باہر پودا لگایا اور سڑک پر جھاڑوبھی دی۔اس حوالے سے ماہ نو رکا کہنا ہے کہ اپنے بہتر مستقبل کے لئے ہر پاکستانی کو اس مہم میں حصہ لینے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ کام صر ف حکومت کا نہیں ہے بلکہ ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔ماہ نور نے مزید کہا کہ ہمارے مذہب نے بھی صفائی کی بہت تلقین کی ہے لوگوں کو چاہیئے کہ گھروں کاکوڑا گلی اور سڑک پر نہ پھینکیں بلکہ اسے مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائیں۔پاکستان میں درخت اور جنگلات تیزی سے ختم ہورہے ہیں جس سے فضائی آلودگی سمیت بہت سے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔سرسبزاور صاف ستھرا پاکستان ہی ہماری پہچان ہے۔

مان جاﺅناں‘۔۔سنگین الزام تراشی

ایرانی نژاداداکارہ ایلناز نوروزی نے بھاری فلم’نمستے انگلینڈ‘ کے ڈائریکٹروپل شاہ پر جنسی طورپر ہراساں کرنے کا الزام لگایا ہے۔ایلنازنوروزی نے ایک مشہور میگزین میں لکھے گئے مضمون میں کہا کہ جب میں اس فلم کے لئے ممبئی گئی تو وپل شاہ نے بہانے بہانے سے ملاقاتیں کی اور ان کا کہنا تھا کہ اگر میں آگے بڑھنا چاہتی ہوں تو میرے ساتھ’معاہدہ‘ کرلو جبکہ ایک ملاقات میں انہوں نے میرے گال بھی چھوئے جبکہ اگلی بار آفس میں ملاقات پر انہوں نے میرا بوسہ لینے کی کوشش کی جس پر میں نے اسے دھکا دیا لیکن اس پر بھی وہ شرمندہ نہیں تھا۔یاد رہے کہ اداکارہ ایک پاکستانی فلم’مان جاﺅناں‘میں بھی کام کرچکی ہیں۔

عمرے کی سعادت

گلوکارعاطف اسلم حجازمقدس پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف مقدس مقامات کی زیارت بھی کی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ عاطف اسلم روضہ رسول ﷺ پرحاضری کے لئے جلد ہی مدینہ روانہ ہوں گے۔

اشعر اصغر کی ’حورپری

ڈائریکٹر محمداشعر اصغرنے اپنی نئی ڈرامہ سیریل’حورپری‘ کا آغاز لاہور میں کردیا ہے جسے’مائی پروڈکشن‘ بنارہی ہے جس کے پروڈیوسر مبشرحسن ہیں۔سیریل کی کہانی کے رحمن نے تحریر کی ہے جس کے ڈی اوپی راشد عباس،ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر شاہداکرم،میک اپ فرح دیبا،آرٹ ڈائریکٹر ذیشان عادل شانی اور لائن پروڈیوسر جوادبٹ ہیں جبکہ کاسٹ میں ثمن انصاری،علیزے شاہ،عمارہ بٹ،سلیم شیخ،نادیہ افگن،حسیب خان،فرح طفیل،عثمان بٹ،ارمان علی پاشا،جواد بٹ اور نسرین قریشی شامل ہیں۔سیریل کا ٹائٹل ثمن انصاری کررہی ہیں۔گزشتہ روز گلبرگ میں ہونے والی ریکارڈنگ کے دوران عمارہ بٹ کے جذباتی سین ریکارڈ کئے گئے جن میں وہ رشتہ ختم ہوجانے پر زاروقطاررورہی تھیں،عمارہ بٹ نے ڈائریکٹر کی ہدایات کے عین مطابق یہ سین بڑی مہارت سے مکمل کرایا۔اسی سین میں علیزے شاہ کی انٹری بھی ہوتی ہے جوعمارہ بٹ کو دلاسہ دینے کی کوشش کرتی ہیں۔ کہانی کے مطابق ثمن انصاری ایک خوبصورت اور نوجوان بیوہ ہیں جن کی دوبیٹیاں عمارہ بٹ اور علیزے شاہ ہیں۔عمارہ بٹ ایک ڈریم گرل قسم کی لڑکی ہے جوہمیشہ خوابوں کی دنیا میں رہتے ہوئے غیرحقیقی زندگی گزار رہی ہے جبکہ علیزے شاہ تعلیم پر فوکس کرتی ہے اور اپنی بہن سے بالکل مختلف سوچ رکھتی ہے،دوسری طرف ان کی والدہ کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے لیکن وہ بیٹیوں کی پرورش بہترین اندازسے کرتی ہے۔اس حوالے سے ثمن انصاری نے ’کھوج‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسا ممکن نہیں ہے کہ ہر ڈرامے میں کہانی سمیت سب کچھ نیا ہو کیونکہ کہانیاں تو وہی ہوتی ہیں جو ہمارے معاشرے میں بکھری پڑی ہیں بس انہیں نیا اندازدینا ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ میں ایسی نوجوان بیوہ کا کردار کررہی ہوں جسے ہر کوئی رشک کی نگاہ سے دیکھتا ہے لیکن اس کی زندگی کئی مشکلات کا شکار ہے۔

علیزے شاہ نے کہا کہ انہیں لاہور میں پہلی بار کام کرکے بہت اچھا لگ رہا ہے کیونکہ مجھے یہاں کراچی سے بھی زیادہ پروفیشنل ازم دیکھنے کو ملا،ڈائریکٹراشعر اصغر بہترین اندازسے نہ صرف کام کررہے ہیں بلکہ گائیڈ بھی کرتے ہیں۔عمارہ بٹ نے کہا کہ ڈرامے کہ کہانی بہت اچھی ہے جس میں معاشرے کے تلخ حقائق سامنے لائے جارہے ہیں۔میرا کردار بھی ناظرین کو ضرور پسندآئے گا۔

ڈائریکٹراشعر اصغرکا کہنا تھا کہ میری ہمیشہ یہ کوشش ہوتی ہے کہ بامقصد کہانی پر ڈرامہ بناﺅں جس میں مجھے ہرباراللہ کی رحمت سے کامیابی ملتی ہے جس کا کریڈٹ پروڈیوسرسمیت پوری ٹیم کو جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ پہلے ختم ہونے والا میرا ڈرامہ’کرم جلی‘ بہت پسندکیا گیا جبکہ ان دنوں’رشک‘ بھی آن ایئر ہے جسے بہت پزیرائی ملی رہی ہے۔

دیکھ مگرپیارسے

اداکارہ ماہ نور کا نیا ڈرامہ’دیکھ مگرپیارسے‘19اکتوبرسے الحمرا ہال نمبرایک میں شروع ہوگا جس کے رائٹروڈائریکٹراکرم اداس ہیں جن کے ساتھ کاسٹ میں ہماعلی،زویاعلی نظامی،روشنی،اکرام اداس،گلفام،نوازانجم اور چاندبرال سمیت بہت سے دیگر فنکار شامل ہیں۔اس ڈرامے کو علی عیسیٰ اینڈ کمپنی پروڈیوس کررہی ہے۔اس بارے میں ماہ نور کا کہنا ہے کہ وہ کافی عرصے بعد الحمرا میں کام کرنے جارہی ہیں اور انہیں امید ہے کہ یہاں کے شائقین ان کی پرفارمنس ضرور پسند کریں گے۔ماہ نور نے مزید کہا کہ علی عیسیٰ اینڈ کمپنی کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ ہمیشہ خوشگوار رہا کیونکہ یہ سب سے پروفیشنل کمپنی ہے۔

لولی راجہ‘۔۔۔شالیمار تھیٹرمیں

شالیمارتھیٹر کے نئے ڈرامے’لولی راجہ‘کا آغازکل سے ہوگا جس کے رائٹروڈائریکٹرڈاکٹراجمل ملک اور پروڈیوسر ملک طارق ہیں جبکہ کاسٹ میں آفرین،سدرہ نور،کرینہ جان،انیشہ خان،اقراچوہدری،سرفرازوکی،حامد رنگیلا،مختارچن،گڈوکمال،اسدمکھڑاسمیت بہت سے فنکار شامل ہیں۔ڈاکٹراجمل ملک کا اس بارے میں کہنا ہے کہ ڈرامہ تفریح سے بھرپور ہے جوتمام شائقین کو محظوظ کرے گا۔

تم جیسے مردوں کی وجہ سے۔۔۔۔ماہرہ خان غصے سے لال پیلی

اداکارہ ماہرہ خان نے غلط سوال کرنے والے شخص کو کھری کھری سناتے ہوئے ایسا کراراجواب دیا کہ مذکورہ شخص کو دوبارہ بات کرنے کی ہمت نہ ہوئی۔ماہرہ خان شوکت خانم ہسپتال کی بریسٹ کینسر آگاہی مہم کی ایمبیسڈربھی ہیں جنہوں نے گزشتہ روز اسی حوالے سے ٹوئٹرپر لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے سوالوں کے جواب دیئے۔اس موقع پر تمام افراد نے ان سے نہایت اچھے اور سلجھے ہوئے سوالات کئے لیکن ایسا شخص ایسا بھی تھا جس نے تمام حدود عبور کرتے ہوئے ماہرہ خان سے اس طرح کا ذاتی سوال کیا کہ عام طور پر نہایت خاموش اور پرسکون رہنے والی ماہرہ خان چپ نہ رہ سکیں اور انہوں نے سوال کرنے والے کو ایسا جواب دیاکہ شرم کے مارے اسے دوبارہ بات کرنے کی ہمت نہ ہوئی جبکہ دوسری طرف سینکڑوں افراد نے ماہرہ خان کی حمایت کرنے ہوئے مذکورہ شخص کو اس کی اوقات یاد دلائی۔

چلو چلو کراچی چلو

اداکارہ اقراعزیز کراچی واپس چلی گئی ہیں جہاں وہ سیون اپ کے نئے کمرشل کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کی ایک وڈیو انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی ہے۔اقراعزیز ڈائریکٹرکاشف نثار کی ڈرامہ سیریل’رانجھارانجھاکردی‘کی ریکارڈنگ میں مصروف تھی جسے آئندہ ہفتے آن ایئر کیا جائے گا۔اس ڈرامے کے ٹیزربہت پسند کئے جارہے ہیں۔ڈرامے کا آخری سپیل بھی جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا۔ڈرامے کی کاسٹ میں عمران اشرف،نورالحسن،کاشف محمود،عمارہ بٹ،اسماعباس،عصمت اقبال اور سید جبران سمیت بہت سے دیگرفنکار موجود ہیں۔

 تم جیو ہزاروں سال

اداکارہ ماورا حسین نے اپنی والدہ رضیہ مخدوم کی سالگرہ شانداراندازسے مناتے ہوئے انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ماوراحسین نے سالگرہ اپنے گھر پر ہی منائی جس کے لئے انہوں نے گھرکو غباروں اور پھولوں سے سجایا ہوا تھا۔ماوراحسین نے والدہ کے ساتھ بنائی گئیں تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے ایک طویل نوٹ لکھتے ہوئے کہا کہ میں نہایت خوش قسمت ہوں جو مجھے عظیم ماں ملی جس سے میں نے قدم قدم پر بہت کچھ سیکھا۔

ماریہ بنت عبداللہ‘کاپہلا ٹیزر آن ایئر

اداکارہ کنزیٰ ہاشمی کی نئی ڈرامہ سیریل’ماریہ بنت عبداللہ‘کاپہلا ٹیزر آن ایئر ہوگیا ہے۔سیونتھ سکائی کی اس پروڈکشن میں کنزیٰ ہاشمی نے پہلی بار ایک منفرد کردار کیا ہے جس میں ان کی والدہ ثمن انصاری عیسائی جبکہ وہ مسلمان ہیں۔ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں حمزہ فردوس،روبینہ اشرف،صبیحہ ہاشمی،عابدعلی،سیمی پاشا،سکینہ خان ،فائزہ علی،ضیا گورچانی،علی انصاری شامل ہیں۔ ڈرامے کے ڈائریکٹرسلیم گھانچی ہیں جبکہ اسے جیو ٹی وی سے نشر کیا جائے گا۔

- admin

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے