سر ورق / تبصرہ کتب / شوبز ایک نظر۔۔ اشفاق حسین

شوبز ایک نظر۔۔ اشفاق حسین

ہم برائیڈل کیٹیور ویک ۔۔آئندہ ماہ لاہور میں

پاکستان کے سب سے بڑے برائیڈل فیشن ویک پینٹین 2018کی تاریخوں ‘ اس میں شامل ڈیزائنرز ‘ شو ڈائریکٹر اور ماڈلز کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔منتظمین کے مطابق اس سال برائیڈل کیٹیور ویک کا میلہ 7سے9دسمبر 2018ءکو لاہور میں سجایا جائے گا جس میں ملک کے26نامور اور اُبھرتے ہوئے ڈیزائنرزاور رٹیل برانڈز اپنے نئے انتخابات پیش کریں گے۔

پینٹین ہم برائیڈل کیٹیور ویک 2018ءمیں ایچ ایس وائی ‘ منیب نواز‘ تبسم مغل‘ عمران راجپوت‘ دیوانی‘ مہدی‘ سحرعاطف ‘ ارسلان اقبال‘ عائشہ عمران‘ ریما احسن‘ فائزہ ثقلین‘ زیگی مینز ویئر‘ فائقہ کریم‘ عائشہ سعدیہ ڈیزائن ہاﺅس ‘ رائل ٹیگ ‘ ایم این آر ڈیزائن اسٹوڈیو ‘ احسن مینز ویئر ‘ انس بابر اورمحترم کے علاوہ مشہور ڈیزائنرز نیلوفر شاہد ‘نیکی نینا اور عظمی بابر”اسٹرانگ اس بیوٹی فل “نامی سیگمنٹ میں اپنا انتخاب پیش کریں گے۔ اس سال چار اُبھرتے ہوئے ڈیزائنرز پہلی بار اپنے انتخابات کیٹ واک پر پیش کریں گے جن میں انصب جہانگیر‘ مرتضی حسین‘ حارث شکیل اور ایورتھین بائی سمر شامل ہیں۔

این پرو اینڈ این جینٹس 50منتخب میل اور فی میل ماڈلز کے ساتھ انڈسٹری کے بڑے ستاروں کی گرومنگ اور میک اپ کے فرائض انجام دیں گے۔ماڈلز میں سنیتا مارشل‘ فوزیہ امان‘ رابعہ بٹ‘ ربعیہ چوہدری‘ صدف کنول‘ نورے بھٹی‘ سبیکا امام ‘علیزے گبول‘فروا کاظم ‘ انعم ملک‘ رومو مشعل‘ سونیا نذیر‘ گیتی آرائ‘ عبیر عدیل‘ مشک کلیم ‘ جیا ملک‘ فلک شیر ‘ ماریہ صہیب‘ علیشہ خان‘ انیسہ شریف ‘ دانیہ شیخ ‘سعدیہ فیصل‘ سدرہ امام ‘ رحمت اجمل‘ نوریزہ‘ سویرا شیخ‘ رانیہ چوہدری‘ طیبہ ریاض‘ کیشا‘ اقراءمحمود ‘ حبا سلیم‘ شاداب‘ ایمل خان ‘ حسنین لہری‘ سلمان ریاض‘ علی قریشی‘ ایم محسن علی‘ منصف علی خان‘ نبیل زبیری‘ زیف خان‘ ایمی‘ اطہر امین ‘ انور خاور ‘ میر خان‘ ولید خالد ‘ ذیشان الیاس‘ مواز خان‘ محمد زاہد اور سمیع اللہ ان ڈیزائنرز کے لباس پہن کر ریمپ پر جلوہ گر ہوں گے۔

پی ایف ڈبلیو لندن میں

پاکستان فیشن ویک کا سیزن 14 لندن میں ہوگا جس میں ملک کے معروف ڈیزائنراور ماڈلز شرکت کریں گے۔فیشن ویک24اور25نومبرکوہلٹن پارک لندن میں ہوگا جس نامور ڈیزائنرفہدحسین عائشہ عمران،عائشہ اعجاز،انیسہ کیانی،فاطمہ سلامت،سونیامہاجن،حمنہ عامر ،سعدیہ مرزا،عائشہ ابراہیم،سارہ نقوی،شیریں حسین،زریشہ اور معظم عباسی شامل ہیں۔

’اے دل توبتا‘ ۔۔۔پہلی قسط آئندہ ہفتے

ناظرین کو ڈراموں کے ذریعے اپنے سحر میں گرفتار رکھنے والی سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ ایک بار پھر ٹی وی اسکرین پر اپنے نئے ڈرامہ ©”اے دل تو بتا”کے ذریعے تہلکہ مچانے کو تیار ہیں، ڈرامہ 19نومبر سے آن ایئر ہوگا جوکہ پیر سے جمعہ شام ساڑھے سات بجے نشر کیا جائے گا۔

ڈرامے کی کہانی ہما حنا نفیس نے تحریر کی ہے جبکہ ہدایات علی اکبر نے دیں ہیں، اس ڈرامے کو ناظرین کے لیے پروڈیوسرز کی معروف جوڑی عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی نے پیش کیا ہے۔ ڈرامے کی کہانی ، محبت، جذبات اور غلط فہمیوںجیسے عناصرپر مشتمل ہے، جس کا سامنا زندگی میں ایک کے بعد دوسرے موڑ کی صورت میں کرنا پڑتا ہے۔

ڈرامے کے مرکزی کرداروں میں فاطمہ آفندی، بلال قریشی، عروبہ مرزا، اور علی انصاری کے ساتھ دیگر کاسٹ میں صبیحہ ہاشمی، حمیرہ بانو، بینا چوہدری، تنویر جمال، شازیہ قیصر ، ٹیپو شریف، اور ماریہ خان شامل ہیں۔

 "Shameless Proposals”سیریز کا اعلان

 سعدیہ جبار پروڈکشنز نے بی وی سی میڈیا کے اشتراک سے اپنی پہلی ویب سیریز "شیم لیس پروپوزلز ©” کا اعلان کردیا۔ویب سیریز کی کہانی تخلیق کار جوڑی ساجی گل اور اٹلس نے تحریر کی ہے جبکہ اس کی ہدایات ہنی ہارون نے دیں ہیں، اس ویب سیریز میں دکھایا گیا ہے کہ ہمارے معاشرے میں کس طرح لڑکی کو شکار بنایا جاتا ہے، اور پڑھی لکھی، آزاد خیال اور خود مختار لڑکیوں کو ارینج میرج کے لیے مجبور کیا جاتا ہے، اس سیزیز میں 7مختلف کہانیوں کے ذریعے حقائق سے پردہ اٹھایا گیا ہے۔

ویب سیریز کو مستبقل میں تفریح کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے سعدیہ جبار کا کہنا تھا کہ خاندان بھر کی تفریح کے لیے ٹیلی ویژن اور فلم تفریح کا اہم ذریعہ ہیں، لیکن ویب سیریز آپ کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جس کے ذریعے آپ تفریحی مواد کے ذریعے معاشرے میں موجود شیطان صفت لوگوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف اپنی آواز بلند کرسکتے ہیں، جس سے انٹرٹینمنٹ کو تبدیلی کے ہتھیار کے طور پر استعمال میں لایا جاسکتا ہے ۔

ویب سیریز کے معاون پروڈیوسر تحسین شوکت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ویب انٹرٹینمنٹ کا ذریعہ اب بھی غیر محفوظ ہے، تاہم یہ دنیا بھر میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مقبولیت حاصل کررہاہے، اس سے متعلق سامعین کی درجہ بندی ممکن ہے ، لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ کی آواز سننے والے بہت زیادہ صلاحیتوں کے حامل ہیں۔

13سال بعدواپسی

جنو ن گروپ 13سال بعد پھر واپس آرہا ہے اور ان دنوں اپنے نئے کنسرٹ کی تیاری میں مصروف ہے جو کہ آئندہ ماہ ہوگا۔

پیک فرینس سپر معروف گروپ ’جنون ‘ کے صوفی راک کو واپس لا رہا ہے، آئندہ ماہ دسمبر میں ایک لائیو کانسرٹ کے ذریعے جس سے ’سوپرہے پاکستان کا جنون‘ ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔ ملک میں صوفی راک کے موجد جنون گروپ کے گزشتہ 14سالوں سے متعدد البم ریکارڈ کئے۔ البم ’تلاش‘ نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا، اور 2009میں گروپ کی سرگرمیاں منجمد ہوگئیں۔

پیک فرینس سوپرجنون کے شائقین کو ایک بار پھر ’سوپر ہے پاکستان کا جنون‘ مہم سے 2018میں جشن آزادی کے موقع پر جادوجگا یا۔ 13سا ل کے طویل عرصے کے بعد بینڈ ایک بار پھر جمع ہوا اور ڈیجیٹل دنیا پرگیت ’خودی‘ سے چھا گیا۔ پیک فرینس سوپر ایک بار پھر تاریخ کا سب سے بڑا میوزیکل ایونٹ کرنے جا رہا ہے جس میں جنون کے شائقین کو جنون کی دھماکہ خیز پرفارمنس اور مسحورکن موسیقی گرما دے گی۔

۔

پہلا پوسٹر جاری کردیا گیا

ڈائریکٹرعاصم رضاکی فلم’پرے ہٹ لو‘کا تیسرا سپیل مکمل کرلیا گیا ہے جس کے بعد یونٹ کراچی پہنچ گیا ہے۔فلم کی شوٹنگ کئی دنوں سے بہاولپور میں جاری تھی جہاں ایک گانے کے علاوہ دیگر کام بھی مکمل کیا گیا۔تیسراسپیل مکمل ہوتے ہی عاصم رضا نے فلم کا پہلا پوسٹر بھی ریلیز کردیا ہے۔ فلم کی کاسٹ میں مایاعلی ،شہریارمنور،حنا دلپزیر،چاندبرال اور ماہرہ خان سمیت بہت سے فنکار کام کررہے ہیں جبکہ اداکارہ میرا نے بھی اس میں مختصر کردار کیا ہے ۔فلم آئندہ سال ریلیز کی جائے گی۔اس فلم کے کوریوگرافر نگاہ حسین ہیں۔

صوبائی وزیراطلاعات وثقافت کی شبانہ اعظمی اور جاوید اختر سے ملاقات

صوبائی وزیراطلاعات وثقافت فیاض الحسن چوہان کی بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی اور ان کے شوہر جاوید اختر سے ملاقات،ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں منیزہ ہاشمی بھی موجود تھیں۔صوبائی وزیر نے بھارتی مہمانوں کو خیرسگالی کے طور پرپھول پیش کئے اور کہا کہ پاکستان بھارتی مہمانوں کو عزت واحترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی میدان میں تعاون بہت ضروری ہے

بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی اور جاوید اختر کل پاکستان پہنچیں گے جہاں وہ الحمرا میں ہونے والے چوتھے فیض انٹرنیشنل فیسٹیول میں شرکت کریں گے۔بھارتی وفد کل صبح واہگہ بارڈر کے ذریعے لاہور پہنچے گا جس کے بعد وہ فیسٹیول میں’کیفی اور فیض‘ کے عنوا ن سے ہونے والے مباحثے میں شرکت کریں گی۔واضح رہے کہ فیسٹیول میں پاکستان کے نامور فنکار بھی شرکت کریں گے۔یہ فیسٹیول16سے18نومبر تک جاری رہے گا۔بھارتی وفد میں شبانہ اعظمی اور جاویداختر سمیت دیگر لوگ بھی شامل ہیں۔

’لال کبوتر‘ اڑنے کے لئے تیار

نوجوان فلم میکر حانیہ اور کامل نے’لال کبوتر‘ کے عنوان سے فلم بنانے کا علان کیا ہے۔حانیہ اور کامل حال ہی ہاورڈ سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد وطن واپس آئے ہیں جہاں نے پہلے’نہرگھر‘ کے نام سے پروڈکشن ہاﺅس جبکہ اب فلم بنانے ا علان کیا ہے ۔اس فلم کی خاص بات یہ ہے اس کے تمام شعبوں سے نوجوان ہی وابستہ ہیں۔فلم کی کہانی علی عباس نقوی نے تحریر کی ہے جبکہ ڈائریکشن کے لئے کمال خان اور زوبیہ انورکو منتخب کیا گیا ہے البتہ فلم کی کاسٹ ابھی منظرعام پر نہیں لائی گئی لیکن فلم کی شوٹنگ شروع کردی گئی ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ حانیہ اور کامل حقیقی بہن بھائی ہیں۔

نہیں ابھی نہیں

اداکار آغا علی ٹیلی ویژن کے مقبول اداکار ہیں جنہیں اب بہت سے فلم میکر سلورسکرین پر لانے کے لئے بے چین ہیں اور اسی لئے انہیں آئے روز فلموں کی پیشکش ملتی رہتی ہیں لیکن وہ سب کو انکار کررہے ہیں کیونکہ انہیں جس طرح کی فلم اور کردار کی تلاش ہے وہ ابھی تک نہیں ملا۔ آغا علی نے’کھوج‘ سے ایک غیررسمی ملاقات میں بتایا کہ انہوں نے حال ہی دو فلموں’چوہدری‘ اور’لفنگے‘کی پیشکش مسترد کی ہے جبکہ اس سے پہلے بھی وہ کئی فلمیں رد کرچکے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں فلم میں کام ضرور کروں گا لیکن اس وقت جب مجھے کوئی کہانی اور کردار پسند آئے گا۔یاد رہے کہ آغا علی کا ان دنوں ہم ٹی وی سے نشر کیا جانے والا ڈرامہ’بند کھڑکیاں‘بہت پسند کیا جارہا ہے جس میں وہ سارہ خان کے ساتھ کام کررہے ہیں۔اس سیریل کے ڈائریکٹراسدجبل ہیں۔واضح رہے کہ آغاعلی ان دنوں لاہورمیں زیب چوہدری کی ڈائریکشن میں بننے والی ڈرامہ سیریل میں کام کررہے ہیں جس کی کاسٹ میں بہت سے دیگر نامور فنکارشامل ہیں۔

علی بدرنئے گانے کی تیاری میں مصروف

نوجوان گلوکار علی بدر استاد نصرت فتح علی خان کے چندنایاب گیتوں کو ری مکس کرنے میں مصروف ہیں جسے وہ ’نصرت ریکال‘ کے نام سے ریلیز کریں گے۔اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے علی بدر نے بتایا کہ مجھے اس بات پر فخرہے کہ میراتعلق دنیا کے مقبول ترین گلوکار گھرانے سے ہے،راحت فتح علی خان میرے کزن ہیں۔میں ایک ایسا گانا تیار کررہا ہوں جس میں نصرت فتح علی خان کی خوشبو آئے گی۔علی بدر نے مزید کہا کہ بہت سے لوگوں نے خان صاحب کے گیت دوبارہ گاکر انہیں تباہ کیا ہے لیکن میرا گانا سننے کے بعدلوگ اسے ضرور یاد کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں علی بدر نے کہا کہ گانا مکمل ہونے کے بعد اس کی لانچنگ بھی کروں گا۔

’الف‘۔۔۔۔نتھیا گلی میں

 احسن خان ڈرامہ سیریل’الف ‘کی ریکارڈنگ کے لئے نتھیا گلی پہنچ گئے ہیں جہاں سخت سردی کے باعث فنکاروں اور دیگرسٹاف کو دشواری کا سامنا ہے۔احسن خان ٹی وی اور فلم کے مقبول ترین فنکار ہیں جو ناظرین کے لئے تھوڑے تھوڑے عرصے بعد کوئی ایسا دھماکہ کرتے رہتے ہیں جس کی گونج بہت دیر تک سنائی دیتی ہے۔ان دنوں احسن خان حسیب حسن کی ڈائریکشن میں بنائی جانے والی سیریل’الف‘کی ریکارڈنگ میں مصروف ہیں جس کی رائٹرعمیرہ احمد ، پروڈیوسر ثنا شاہنوازاور ثمینہ ہمایوں سعید جبکہ کاسٹ میں حمزہ علی عباسی،سجل علی،کبریٰ خان،صدف کنول،منظرصہبائی اور چائلڈسٹار پہلاج حسن سمیت بہت سے فنکار شامل ہیں۔ کراچی کے بعد ان دنوں ریکارڈنگ نتھیاگلی میں جاری ہے جہاں فنکاراور تکنیک کار شدید ترین سردی میں کام کررہے ہیں کیونکہ ان دنوں وہاں کا درجہ حرارت ایک سنٹی گریڈ ہے۔ اپنے نام کی طرح منفرد سیریل کی کہانی بھی منفرد ہے اور ناظرین نے اس سے قبل ایسے کرداراور منظرنامہ ٹی وی سکرین پر نہیں دیکھا ہوگا۔احسن خان کا کہنا ہے کہ اگرچہ وہ بے شمار ڈراموں میں کام کرچکے ہیں لیکن ’الف ‘جیسا کردار پہلی بار کررہے ہیں۔واضح رہے کہ احسن خان کی پروڈکشن میں بنائی جانے والی سیریل’مریم پریرا‘بھی ان دنوں نشر کی جارہی ہے جسے بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔

ایک اورمشکل کا سامنا

ماضی کی سپرہٹ فلم’مولاجٹ‘کے پروڈیوسرسروربھٹی کے وکیل ایڈووکیٹ احسن مسعود نے بلال لاشاری کی فلم کی پروڈیوسر عمارہ حکمت کے اس دعوئے کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کی فلم کے خلاف اب کوئی حکم امتناعی نہیں ہے اور وہ فلم ریلیزکرنے کا قانونی حق رکھتی ہیں لیکن احسن مسعود نے کہا ہے کہ اس میں حقیقت نہیں ہے کیونکہ کوئی بھی دوسرا شخص اس کا ٹائٹل ،ڈائیلاگ اور کوئی بھی چیز کاپی نہیں کرسکتے کیونکہ یہ ان کی ملکیت ہے۔یاد رہے کہ دونوں فلموں کے پروڈیوسر طرح طرح کے دعوئے کررہے ہیں جبکہ شائقین اس انتظارمیں ہیں کہ آخر فلم ریلیز کب ہوگی۔

- admin

admin

یہ بھی دیکھیں

شوبز کا تازہ ترین۔۔۔ احوال اشفاق حسین

  شوبز کا تازہ ترین احوال اشفاق حسین کے نوکیلے قلم سے ملازمین میں تھرتھلی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے