سر ورق / مضامین / انگریزی سیکھنے کے بنیادی اصول۔۔۔ محمد قاسم سرویا  

انگریزی سیکھنے کے بنیادی اصول۔۔۔ محمد قاسم سرویا  

انگریزی سیکھنے کے بنیادی اصول۔۔۔

محمد قاسم سرویا شیخوپورہ

موجودہ دور میں انگریزی کی اہمیت و افادیت اور ضرورت کو دیکھتے ہوئے ہر کسی کا دل کرتا اور چاہتا ہے کہ وہ فر فر انگلش بولے۔۔۔ لیکن جب کوئی غیر تربیت یافتہ بندہ (یا بندی) اپنی اس حسرت کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کرتا ہے تو لوگ اس کو پَھڑ پَھڑ کر نیچے بیٹھنے پر مجبور کر دیتے ہیں کہ کاٹھے انگریز صاحب! آپ کی بڑی مہربانی بسسس کردیں۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کو مذکورہ اور مضحکہ صورت حال کا سامنا نہ کرنا پڑے تو پہلی آپشن تو یہی بنتی اور ٹھنتی ہے کہ انگلش اگر آپ کا پیچھا نہیں چھوڑ رہی تو آپ انگلش کی جان چھوڑ دیں، کیونکہ آپ پاکستان میں انگریزی بولنے والے 8 فیصد افراد میں شامل نہیں بھی ہوتے تو کون سا کوٹھا گر جائے گا؟ لیکن اگر آپ پھر بھی بصد درجے بضد ہیں کہ سب لوگ پیچھے پیچھے ہو جائیں، میں تو انگریزی کی ایسی کی تیسی کر کے رکھ دوں گا۔ تو مشکل پھر بھی کوئی نہیں ہے۔۔۔ کیونکہ انگلش میں "ان پڑھ” لوگوں نے بھی بڑے بڑے کارنامے سر انجام دے کے دکھائے ہیں۔ آپ بھی انگریزی سیکھنے کے ان بنیادی اصولوں کو ازبر کر کے ان پر عمل شروع کر دیں۔ آپ سمجھیں ماہر انگریزیات بنے ہی بنے…  رب سوہنا آپ کی یہ ننھی منی خواہش پوری کرے۔

1۔ بولتے چلے جائیں یہاں تک کہ۔۔۔
مجھے انگلش نہیں آتی۔۔۔ ایک بندے نے یوں ترجمہ کیا۔
(English never comes to me)
پڑھنے، رٹنے اور صرف یاد کرنے سے انگلش کبھی آ ہی نہیں سکتی۔ صاحب جی!  پریکٹس چاہیے پریکٹس۔ لوگوں کے ساتھ ٹوٹی پھوٹی یا گلابی انگلش زیادہ سے زیادہ بولنے کی کوشش جاری رکھیں۔ بس منہ زیادہ ٹیڑھا نہیں کرنا اور شرمندگی کو پاس نہیں پھٹکنے دینا۔۔۔ جس دن آپ "شائی” ہو گئے، بس گئے پھر کام سے۔۔۔
2۔ ٹیکنالوجی۔۔۔ اپنا لو جی:
آپ نے اگر اینڈرائیڈ موبائل لے لیا ہے تو یہ آپ نے شو مارنے اور گانے سننے کے لیے نہیں لیا۔ اس سے کوئی "سواد دا کم” بھی لے لیں۔ بہت سی ایپس میں سے کوئی دو چار کسی بھاء جی وائی فائی والے کے پاس جا کے فری ڈاؤن لوڈ کرلیں اور مشق کر کر کے مختلف ٹونز میں بول بول کے اپنی آواز ریکارڈ کرلیں۔۔۔ خود بھی سنیں اور دوسروں کو بھی سنوائیں۔۔۔ آپ کی آواز سن کر کوئی ہنس پڑے تو کوئی بات نہیں۔۔۔ آپ بھی ہنس پڑیں۔۔۔ ہنسنے سے فیس ویلیو بڑھتی ہے۔
3۔ سنتا جا، سنواتا جا:
اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک منہ، دو آنکھیں اور دو کان پتا کیوں دیئے ہیں؟ کیا کہا؟ کم کھانے کے لیے؟ جی نہیں بلکہ بولیں کم، دیکھیں سنیں زیادہ۔ اور اگر انگلش کا شوق ہوا کے گھوڑے پر سوار ہے تو انگریزی خبریں سنیں، اچھی ویڈیو دیکھیں اور اصلی انگریزوں کو سنیں۔ انگریزی میں ویسا "پرو ننسی ایشن” بنانے اور اپنانے کی کوشش کریں۔ دیکھنا! جس دن آپ ماہر ہو گئے، آکسفورڈ یونیورسٹی والے آپ کو مفتو مفت ویزے پر بلا کر "خوب سواگت” کریں گے۔
4۔ توتے بن جائیں:
جب آپ کہتے ہیں میاں مٹھو چوری کھانی ہے؟ تو میاں مٹھو صاحب بھی کہتے ہیں۔۔۔ "میا مِتُھو چُولی تھانی اے؟” انگریزی سیکھنے کے لیے آپ کو توتا تو بننا ہی پڑے گا۔ جو بھی انگلش کا مواد ملے اونچی آواز میں پڑھتے جائیں حتیٰ کہ ریڑھی والے پٹھان سے جس کاغذ میں بُھنے چنے خریدیں، چنے جیب میں ڈال کے، اس کاغذ پہ لکھی انگریجی اسی پٹھان کو سنا کے جائیں۔۔۔ اور آگے سے وہ آپ کو صلواتیں سنا دے تو کوئی بات نہیں۔۔۔ ان اللہ مع الصابرین۔
5۔ لفظ سے انگلش بنتی ہے:
ہر روز ایک دو نئے لفظ ڈکشنری سے لے کر یاد کرنے کی روٹین بنا لیں۔ جو بھی لفظ لیں، اس کا تلفظ، معنی، مترادف، متضاد، پارٹ آف اسپیچ اورمتعلقہ گرامر ضرور جان پہچان لیں اور دو چار مختلف انداز سے جملے بنانے کی پریکٹس کر لیں۔۔۔ جیسے قطرہ قطرہ کر کے دریا بھر جاتا ہے نا، ایسے ہی لفظ لفظ کر کے آپ کا دماغ بھر جائے گا۔۔۔ اگر دماغ نہ بھی بھرا۔۔۔ من ضرور بھر جائے گا۔
6۔ نقل مگر عقل سے:
جس طرح امتحانی نقل، عقل سے لگتی ہے اسی طرح انگلش میں نقل بھی عقل سے ماریں۔ انگریزی کے بارے میں جو بھی دیکھیں، سنیں، مشاہدہ کریں، ویسا بننے کی کوشش کریں۔۔۔ کیونکہ "روم میں رہنا ہے تو اہل روم کی طرح ہی رہنا پڑے گا۔”
7۔ دوست بنائیں، "دوستیاں” نہیں:
فیس بک یا کسی بھی سوشل میڈیا پر آپ کے دو چار ایسے دوست لازمی ہونے چاہییں جو آپ کو اور آپ کی انگریزی کو برداشت کرنے کی اچھی خاصی سکت رکھتے ہوں۔ (ہے تو یہ بڑا اوکھا کام لیکن ان میں بے شک مجھے بھی شامل کر لیں) اور کبھی کبھی ان کو اپنی "شوبازی” چیک کرواتے رہیں۔ دو میں سے ایک ایک کام تو پکا ہے۔۔۔ یا وہ بھاگ جائیں گے یا آپ۔۔۔
8۔ انگلش ایکٹویٹیاں:
یوٹیوب سے انگلش میں کھانے پکانے کا کورس لینا، انگلش بک کلب جوائن کرنا، وٹس ایپ چیٹ گروپ میں اپنی انگلش کے ڈنکے بجانا، سفر میں آتے جاتے کسی پینٹ بابو سے خواہ مخواہ انگلش میں پنگا لے لینا، حتیٰ کہ کھوتی ریڑھی پر بیٹھ کر ڈیرے جاتے ہوئے اور پٹھے کاٹتے ہوئے بھی انگریزی لب و لہجہ رکھنے جیسی سرگرمیاں آپ کو "اچھا خاصا انگریج” بنانے کا تیر بہدف نسخہ ہیں۔
9۔ اوڑھنا، بچھونا، سوچنا، بولنا۔۔۔ انگلش:
کوا اپنی نام نہاد چالاکی اور بیواقوفی کی وجہ سے ہنس کی چال چلتے چلتے اپنی چال بھی بھول بیٹھا تھا۔ آپ کوے تھوڑی ہیں۔ (میری طرف اینگری برڈ کی طرح تو مت دیکھیں)۔ اب آپ نے انگلش کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا ہی لیا ہے یا ایسا کوئی معرکہ سر کرنے کا مصمم ارادہ کر ہی لیا ہے تو سوچیئے بھی انگلش، بولیئے بھی انگلش، تولیئے بھی انگلش اور رولیئے بھی انگلش۔
10۔ اک لغت تو بنتی ہے نا:
یہ کنفرم ہے کہ ہمارے اباجی انگریزی نہیں بولتے تھے۔ تو پھر اک لغت کو "سپرچوئیل فادر” بنانا تو بنتا ہے نا۔ بے شک خرید لیں یا ڈاؤن لوڈ کرلیں۔ جہاں کوئی لفظ پھنسا، یا کسی نے آپ کو پھنسانے کی کوشش کی تو یہ ڈکشنری آپ کی ایسے مدد کرے گے جیسے کنواں پیاسے کی۔۔۔ پیاس لگی ہے نا۔۔۔؟ ہو جو پھر شروع۔۔۔ ون ٹو تھری۔۔۔ گو۔
جاری ہے۔

- admin

admin

یہ بھی دیکھیں

تنقید یا لفظی جگالی… خرم شہزاد

تنقید یا لفظی جگالی خرم شہزاد کسی بھی زبان کے ادب سے اگر صحیح معانی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے